محرم الحرام کے چاند کے حوالے سے فلکیاتی ماہرین کی اہم پیشگوئی

محرم الحرام کے چاند کے حوالے سے فلکیاتی ماہرین کی اہم پیشگوئی

محرم الحرام کے چاند کے حوالے سے فلکیاتی ماہرین کی جانب سے اہم پیشگوئی سامنے آئی ہے جس کے مطابق چاند 15 جون   کو صبح7 بج کر54 منٹ پر پیدا ہونے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نیا چاند اسی روز اپنی ابتدائی عمر میں داخل ہوگا۔

فلکیاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پندرہ جون دو ہزار چھبیس کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً گیارہ گھنٹے پچاس منٹ ہوگی جو کہ رویت کے لیے نسبتاً کم سمجھی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے اس شام چاند کے نظر آنے کے امکانات انتہائی کم قرار دیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً چالیس منٹ کا وقفہ متوقع ہے، تاہم چاند کی کم عمر اور اس کی روشنی کی شدت کم ہونے کے باعث عام آنکھ سے رویت کے امکانات نہایت محدود ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں :خانہ کعبہ کا نیا غلاف کلید برداروں کے حوالے ، یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا

فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ سائنسی اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پندرہ جون کی شام چاند کا نظر آنا مشکل ہوگا، لہٰذا زیادہ امکان یہی ہے کہ محرم الحرام کا آغاز اگلے روز سے ہو۔

اسی حساب سے یکم محرم الحرام 1448 ہجری کے آغاز کی توقع 17 جون   بروز بدھ کی جا رہی ہے۔ تاہم حتمی اعلان اور باضابطہ فیصلہ ملک کی مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی جو مختلف شہادتوں اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے چاند کی رویت کا اعلان کرتی ہے۔

عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سرکاری اعلان کا انتظار کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔ رویتِ ہلال کا فیصلہ ہمیشہ شرعی شہادتوں اور اصولوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے تاکہ پورے ملک میں یکساں طور پر اسلامی مہینوں کا آغاز کیا جا سکے۔

editor

Related Articles