پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کے درمیان ٹیلیفون پر اہم گفتگو ہوئی، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، علاقائی امن اور امریکا و ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں اور مفاہمت کی جانب بڑھتی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے مؤثر راستہ ہیں۔
بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جاری مذاکرات کامیاب ہوئے تو نہ صرف متعلقہ ممالک بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان مختلف سطحوں پر رابطوں کے ذریعے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ترکیہ بھی ان اہم ممالک میں شامل ہے جو علاقائی امن کے لیے مسلسل مشاورت اور سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق اگر سفارتی کوششیں کامیاب رہیں تو یہ پیش رفت خطے میں استحکام، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور امن کے قیام کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے