تحریک انصاف نے پشاور میں جلسہ عام کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نئی احتجاجی تحریک کی تیاریاں جاری ہیں اور ملک بھر میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی نے 8 نومبر کو پشاور میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پہلے یکم نومبر کو منعقد ہونے والا تھا۔
پشاور میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں یکم نومبر کو ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعض اراکین کی خواہش پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ 8 نومبر کو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس جلسے کی تیاریوں کے لیے تمام اراکین کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے ملک بھر میں ہونے والے جلسوں کے شیڈول اور احتجاجی تحریک کی بھی منظوری دی۔ ارکان اسمبلی نے احتجاجی جلسوں میں بھرپور شرکت کا عزم ظاہر کیا۔
اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس، 26ویں آئینی ترمیم اور سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر قائم سیاسی مقدمات کی پیروی کے لیے قانونی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید کے خلاف موثر احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ عمران خان کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ پارلیمانی پارٹی نے ارکان اسمبلی، خاص طور پر پنجاب کے ارکان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور تمام ارکان نے عمران خان کے نظریے کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہنے کا عزم کیا۔
مزید برآں پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے اسلم گھمن کو باہر نکال دیا گیا۔ اجلاس میں شامل دیگر ارکان نے اسلم گھمن کی شرکت پر اعتراض کیا، جس پر انہیں اجلاس سے نکلنے کو کہا گیا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ اسلم گھمن نے شوکاز کا جواب دے دیا ہے، اور ان کا جواب عمران خان کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں شامل دیگر ارکان میں سلمان اکرم راجہ، زرتاج گل، اسد قیصر، عامر ڈوگر، ثنا اللہ مستی خیل، محمد خان، شاندانہ گلزار، خواجہ شیراز، عاطف خان، اور شاہد خٹک شامل تھے۔ اجلاس کے دوران جوڈیشل کمیشن میں پی ٹی آئی کے نامزد افراد کے ناموں پر بھی بحث کی گئی۔