پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے

پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور مارکیٹوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، سوات، شانگلہ، بونیر، بٹ خیلہ، مالاکنڈ، چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور سمیت خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب کے متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ کئی مقامات پر زلزلہ 15 سے 20 سیکنڈ تک جاری رہا جس سے لوگوں میں شدید تشویش دیکھی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 170 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں واقع تھا جہاں زیر زمین گہرائی زیادہ ہونے کے باعث وسیع علاقے میں جھٹکے محسوس کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی بڑی کامیابی،سپارکو کا تیار کردہ سیٹلائٹ خلا میں لانچ کردیا گیا

زلزلے کے دوران عمارتیں لرز اٹھیں دفاتر میں کام کرنے والے افراد فوری طور پر باہر نکل آئے جبکہ بازاروں اور رہائشی علاقوں میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد کھلے مقامات کی جانب منتقل ہوگئی۔ کئی علاقوں میں شہری خوف کے عالم میں دعائیں کرتے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاکستان میں اس زلزلے کے نتیجے میں تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

 گزشتہ روز جاپان میں بھی شدید زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان رپورٹ ہوا۔ اسی تناظر میں خطے میں زلزلوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمی نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

editor

Related Articles