ڈریکولا جسے عام طور پر ویمپائر کہانیوں سے جوڑا جاتا ہے، دراصل ایک حقیقی تاریخی شخصیت تھا جس کا نام ولاد سوم ٹیپیش تھا۔ وہ 15ویں صدی میں والاشیا (موجودہ رومانیہ کا علاقہ) کا حکمران تھا۔ اس کی شہرت کسی مافوق الفطرت کہانی سے نہیں بلکہ اس کی سخت اور خونریز جنگی پالیسیوں سے بنی۔
ولاد سوم اپنے دشمنوں کو سخت سزا دینے کے طریقوں کی وجہ سے مشہور ہوا خاص طور پر سزائے ’مصلوب کرنا‘ یعنی لوگوں کو نیزوں پر چڑھانا۔ اسی وجہ سے اسے ولاد دی امپیالر بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے دور میں عثمانی سلطنت اور والاشیا کے درمیان شدید جنگیں ہوئیں اور وہ کئی بار عثمانیوں کے خلاف لڑا۔
اس کی شخصیت کے بارے میں تاریخ میں بہت اختلاف پایا جاتا ہے۔ یورپی ذرائع اسے ظالم اور خوفناک حکمران کے طور پر بیان کرتے ہیں جبکہ کچھ مقامی اور جدید محققین کے مطابق وہ اپنے علاقے کے دفاع کے لیے انتہائی سخت اقدامات کرنے والا ایک ظلم حکمران تھا۔
ڈریکولا کا نام دراصل اس کے والد “ولاد ڈریکول” سے آیا، جو “آرڈر آف دی ڈریگن” نامی ایک عیسائی عسکری تنظیم سے وابستہ تھے۔ بعد میں یہی نام ولاد سوم کے ساتھ جڑ گیا اور وقت کے ساتھ یہ کردار ادب اور فلموں میں ایک ویمپائر کے روپ میں تبدیل ہو گیاخاص طور پر برام اسٹوکر کے ناول نے اسے عالمی فکشن آئیکون بنا دیا۔
حقیقت میں ولاد سوم کوئی ویمپائر نہیں تھا بلکہ ایک تاریخی جنگی حکمران تھا جس کی زندگی سیاسی سازشوں، جنگوں اور طاقت کی جدوجہد سے بھری ہوئی تھی۔