وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ ہم قومی ائیرلائنز کوسستے داموں نہیں بیچنے دیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہم پی آئی اے کو خرید کر اسی نام سے چلائیں گے۔یہ لوگ پی آئی اے کو خریدنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم قومی ائیرلائن کو خریدنے کیلئے جہاں تک جانا پڑا جائیں گے۔ ہم چندہ ڈال کر پی آئی اے خریدیں گے لیکن ان کو نہیں خریدنے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرارداد پاس کرکے صوابی جلسے کے بعد آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ ہم نے فائنل کال دینی ہے، یہ نظام مزید تباہی کی طرف چل رہا ہے، فائنل کال دے کرپورا ملک بند کردیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فائنل کال فیصلہ کن مارچ کی دینگے، پورا پاکستان نکلے گا اور اس حکومت سے جان چھڑائیں گے۔اس حکومت نے ملک کی معیشت کا کباڑا نکال دیا ہے، سب ادارے بیچتے جارہے ہیں، ہم اس مرتبہ سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس 2 سرکاری ہیلی کاپٹر ہیں، ٹک ٹاک پر بڑی بڑی باتیں کرنے والے پیسے دیکر اشتہار چلاتے ہیں، آئی ایم ایف کی رپورٹ پڑھ لیں کے پی نے مقرر ہدف حاصل کیا ہے باقی تمام صوبے ناکام ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ تمام صوبے خسارے میں ہیں صرف خیبرپختونخوا سرپلس ہے۔