بجلی صارفین پر 8 ارب 71 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں وصولیوں کے لیے درخواست دائر کر دی۔
تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔ پہلی سہ ماہی کے لیے کیپسٹی چارجز کی مد میں 8 ارب 6 کروڑ روپے کی وصولیوں کی درخواست کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ڈسکوز کی آپریشنز اور مینٹیننس کی مد میں 1 ارب 25 کروڑ روپے اور سسٹم چارجز و مارکیٹ آپریشنز فیس کی مد میں 1ارب 65 کروڑ روپے کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
نیپرا کی دستاویزات کے مطابق بجلی کی ترسیل و تقسیم میں نقصانات میں سوا 2 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے تاہم اس بچت کے باوجود اضافی وصولیوں کی درخواست دائر کی گئی۔
اگر نیپرا سماعت کے بعد ان درخواستوں کی منظوری دے دیتا ہے تو اس اضافی بوجھ کا اطلاق کراچی میں کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا، جو پہلے سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔