خیبرپختونخوا حکومت نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ پر آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کیخلاف مقدمے میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں توڑ پھوڑ، چوری، دہشتگردی اور دیگرد فعات لگائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبائی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں نقصانات کی رپورٹ پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد پر چھاپے میں توڑ پھوڑ سے ایک کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور اراکین اسمبلی کی قیمتی اشیا بھی غائب ہیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کابینہ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ ہوا، جس نے زیادتی کی ہے اس کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔