ملک میں رواں ماہ تمام شوگر ملز21 تاریخ سے کرشنگ سیزن شروع کر یں گی اور کرشنگ سیزن شروع ہونے سے قبل حکومت کی جانب سے شوگر ملز مالکان کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی یقینی بنائی جائیں۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں ملک میں گنے کے کرشنگ سیزن کے آغاز سے متعلق فیصلہ کیا گیا اور وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے واضح کہ 21 نومبر تک کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے تصدیق کی کہ کسانوں کو تمام ادائیگیاں کرشنگ سیزن شروع ہونے سے پہلے کر دی جائیں گی اور اگر ملز نے کسانوں کو واجبات ادا نہیں کیے تو ان کے ایکسپورٹ لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت کی درخواست پروفاقی وزیر صنعت و پیداوارنے کہا کہ حکومت پہلا ایکسپورٹ کوٹہ مکمل ہونے تک مزید اجازت نہیں دے سکتی۔
اس کے علاوہ شوگر ایڈوائزری بورڈ نے گنے کی فصل کے تخمینوں اور آئندہ کرشنگ سیزن کے لیے چینی کے مجموعی اسٹاک کی پوزیشن کا جائزہ لیا۔ بورڈ نے مقامی مارکیٹ میں چینی کی موجودہ قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔