پی ٹی آئی کا صوابی جلسے سے قبل بڑا اعلان، اپوزیشن کے ساتھ اتحاد کا امکان

پی ٹی آئی کا صوابی جلسے سے قبل بڑا اعلان، اپوزیشن کے ساتھ اتحاد کا امکان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوابی کا جلسہ ایک عوامی اسمبلی کی صورت میں ہوگا اور بہت جلد اپوزیشن کے ساتھ ایک بڑا اتحاد قائم کرنے جا رہے ہیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ قانون سازی کے خلاف عوامی ردعمل پہلی بار سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون سازی سے حکومت نے ظاہر کر دیا ہے کہ پاکستانی عوام کی کوئی حیثیت نہیں اور قومی اسمبلی کو محض ایک “ربڑ اسٹیمپ” بنا دیا گیا ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پی ٹی آئی کے جلسے میں توڑ پھوڑ اور گرفتاریوں کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، کیونکہ ان کی پارٹی ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور تینوں اسمبلیوں میں اس کی مضبوط اپوزیشن ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی صورت میں فسطائیت اور موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، کیونکہ 25 کروڑ عوام ہی اس ملک کے اصل مالک ہیں اور وہ ہی فیصلہ کریں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے اس بات کا خیرمقدم کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمہوری طریقے سے منتخب ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں کسی بھی ملک کی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
اسد قیصر نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس معاملے پر آواز اٹھانی چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور عنقریب اپوزیشن کے ساتھ ایک بڑا اتحاد تشکیل دیا جائے گا۔ اسد قیصر نے کہا کہ آئندہ تحریک کے دوران وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

Related Articles