پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا ہائی ویلیو آئل کراپس اور فوڈ سیفٹی پر قومی فیلڈ ڈے کا انعقاد

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا  ہائی ویلیو آئل کراپس اور فوڈ سیفٹی پر قومی فیلڈ ڈے کا انعقاد

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اہم زرعی تحقیقی مرکز نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی (نیاب) نے منگل کو ہائی ویلیو آئل کراپس اور فوڈ سیفٹی پر قومی فیلڈ ڈے کا انعقاد کیا۔ نیاب پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چار اہم زرعی تحقیقی مراکز میں سے ایک ہے۔

ڈاکٹر محمد یوسف سلیم، چیف سائنٹسٹ اور ڈائریکٹر نیاب نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے وژن ایٹمز فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ” کے تحت جوہری تکنیکیوں کے استعمال سے مختلف فصلوں کی موسمیاتی تبدیلی کے مطابق بہتر اقسام کی تیاری میں نیاب کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تیل آور فصلوں کے فروغ میں نیاب کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، جس سے ملک کے درآمدی بل میں کمی اور زرمبادلہ کی بچت ممکن ہوئی ہے۔

ڈاکٹر کاشف ریاض خان، ہیڈ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹک انجینئرنگ نیاب نے اس سرگرمی کا مقصد بیان کیا اور کہا کہ سائنسدانوں نے اپنی تحقیق مکمل کر لی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ زیادہ پیداوار والی فصلوں کے بیج پورے پاکستان میں تقسیم کیے جائیں تاکہ زراعت کے شعبے میں خود کفالت حاصل کی جا سکے۔

ڈاکٹر محمود الحسن، پرنسپل سائنٹسٹ اور گروپ لیڈر خوردنی و صنعتی تیل آور اجناس نے نیاب کی کیسٹر بین (ارنڈ) اور تل کی زیادہ پیداوار والی اقسام اور ان کی فیلڈ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ انہوں نے ان فصلوں کی اعلیٰ پیداوار، کمرشلائزیشن اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ان کے فروغ کے مواقع پر زور دیا۔

فوڈ سیفٹی ڈویژن نیاب سے ڈاکٹر عظمیٰ مقبول نے ڈیری مصنوعات کی تیاری میں مصنوعی طریقوں اور سٹیرائڈز کے استعمال سے اجتناب کرتے ہوئے فوڈ چین کو خالص رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر زرعی شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول ترقی پسند کسان، بیج کمپنیاں، زرعی انجینئرز، آئل انڈسٹریز، ویلیو ایڈیشن انڈسٹریز، سائنسدان، فیکلٹی ممبران اور پوسٹ گریجویٹ سکالرز ایک پلیٹ فارم پر موجود تھے۔ بعد ازاں، تل اور ارنڈ کی فصلوں کی کھیت میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ وزٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں مہمانوں نے نیاب کے صحت مند اور سرسبز کھیتوں کو دیکھ کر خوشگوار تاثر کا اظہار کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *