امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ اس کی افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی کے دوران اپنی عسکری صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
سینٹ کام کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان اور ویڈیو میں جدید جنگی طیاروں، بحری جہازوں اور امریکی فوجیوں کی سرگرمیاں دکھائی گئی ہیں۔ ویڈیو میں سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کو امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا تھا کہ امریکی افواج دوبارہ اسلحہ سے لیس ہو رہی ہیں اور اپنی حکمت عملی اور طریقہ کار کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کی کوئی بھی فوج امریکی افواج کی طرح حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اور جنگ بندی کے دوران اسی عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کر چکے ہیں جس کے باعث خطے کی صورتحال پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔