محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کے روز مختلف علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم کچھ مقامات پر صبح اور رات کے اوقات میں سردی اور ہلکی دھند کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے اور صبح و رات کے اوقات میں سردی بڑھ سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا تاہم پہاڑی علاقوں میں خصوصاََ صبح اور رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہےلیکن لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، نارووال، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور ان کے گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ یا ہلکی دھند چھا سکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہےتاہم کشمور، سکھر، لاڑکانہ اور ان کے گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کی توقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سموگ اور دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر گاڑیوں کی ڈرائیونگ کے دوران احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔