آج موسم کیسا رہے گا ؟ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

آج موسم کیسا رہے گا ؟ این ڈی ایم اے  نے الرٹ جاری کر دیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 3 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :مون سون کا آغاز کب سے ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی 

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (گلوف)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات بھی موجود ہیں جس کے پیش نظر حساس علاقوں میں رہنے والے افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

این ڈی ایم اے نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر اور لوئر چترال، سوات سمیت دیگر حساس علاقوں کے رہائشیوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

  یہ بھی پڑھیں :آج بادل کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

اتھارٹی نے شہریوں سے کہا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور دریا کناروں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں، جبکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ ضلعی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں کو دیں تاکہ بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔

editor

Related Articles