عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات کو ختم کے لیے متحرک ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی نے پارٹی کے اہم رہنمائوں سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی کے اندرونی اختلافات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سابق خاتون اول نے اس موقع پر اسد قیصر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں اختلافات سے پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ علی امین گنڈاپور، اسد قیصر اور عاطف خان کو پارٹی کے مختلف قافلوں کی قیادت کرنی چاہیے تاکہ ورکرز مایوس نہ ہوں اور پارٹی میں یکجہتی قائم ہوسکے۔
ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ ان کا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جلد رہائی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی موجود تھے۔