مسلم لیگ ن رہنما خواجہ آصف کا عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کا سعودی عرب سے متعلق بیان پر ردعمل آگیا ۔
سوشل میڈیا پرخواجہ آصف نے بشری بی بی کے سعودی عرب سے متعلق بیان پر بات کرتے کہا کہ ان سے گھڑی لے کر بیچ سکتے ہواور کروڑوں کامنافع بناسکتے ہو، اب سٹوری فلوٹ کردی گئی ہے کہ باجوہ نے کسی سے بات کی ۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی فایدے کے لیے کس حد تک جاسکتے ہیں، اب شریعت کارڈ کا استعمال ، یہ وہ باتیں کررہے ہیں جن کی ساری زندگی شریعت ہے ۔
قبل ازیں خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا تاحال کوئی امکان نہیں ہے اور ان کو ریلیف ملنا اس وقت ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت ملکی معاملات کو آگے لے کر جا رہی ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف اب راہ فرار ڈھونڈ رہی ہے۔
مبینہ مذاکرات سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور روزِ اول سے وفاقی حکومت کے چند اہم رہنمائوں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور جلوسوں سے غائب ہو کر برآمد ہوتے ہیں ۔
خواجہ آصف نے کہا کہ احتجاج میں دو دن باقی ہیں، اور اس دوران بہت کچھ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے لیکن وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی صیہونی لابی کا بندہ ہے اور ان کے حق میں بیرون ممالک میں لابنگ ہو رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ورکرز ملک میں تباہی اور بیرونی لابی کی فنڈنگ کرتے ہیں۔