نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا )نے حکومت کے ونٹر پیکیج پر سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا نے حکومت کے ونٹر بجلی پیکیج پر 26 نومبر کو سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے حال ہی میں تین ماہ کے لیے ونٹر بجلی پیکیج کا اعلان کیا تھا، جس کی منظوری ای سی سی (اقتصادی رابطہ کمیٹی) بھی دے چکی ہے۔
نیپرا کے مطابق ونٹر پیکیج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ متعلقہ فریقین سماعت سے قبل اپنے تحریری کمنٹس بھی جمع کرا سکتے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی حکومت نے موسم سرما کے لیے بجلی سہولت پیکج کے تحت دسمبر سے فروری تک اضافی بجلی کے استعمال پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔
ونٹر پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کو دسمبر تا فروری کے دوران اضافی استعمال پر کم سے کم 30% یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ 50% یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
کمرشل صارفین کو دسمبر تا فروری کے دوران اضافی استعمال پر کم سے کم 34% یا 13 روپے 46 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ 47% یا 22 روپے 71 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
اسی طرح صنعتی صارفین کو دسمبر تا فروری کے دوران اضافی استعمال پر کم سے کم 18% یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ 37% یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
مجموعی طور پر یہ پیکیج بجلی کے اضافی استعمال پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے منظور کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو موسم سرما میں بجلی کے بلوں میں کمی آ سکے۔