نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکے جانے کے معاملے پر سخت نوٹس لے لیا ہے اور تمام ڈسکوز سے اس حوالے سے تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو اس ضمن میں باضابطہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
نیپرا نے نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکے جانے کو قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تمام ڈسکوز سے وضاحت طلب کی ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کمپنیوں کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کی درخواستیں روکنا قابل قبول نہیں اور اس عمل کی اجازت موجودہ قوانین میں نہیں دی گئی۔ اسی بنیاد پر نیپرا نے تمام ڈسکوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ نیٹ میٹرنگ سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کریں۔
نیپرا کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں تین دن کے اندر اندر مطلوبہ تفصیلات نیپرا کو فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔ اتھارٹی نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدہ قرار دیتے ہوئے ڈسکوز کو ہدایت کی ہے کہ اسے “موسٹ ارجنٹ” بنیادوں پر لیا جائے اور کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے قواعد و ضوابط پہلے ہی موجود ہیں اور نیٹ میٹرنگ کے نئے صارفین کے لیے بھی ریگولیشنز جاری کی جا چکی ہیں۔ نیپرا کے مطابق ان نئی ریگولیشنز پر عملدرآمد کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے متعلقہ فریقین سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
نیپرا نے بتایا کہ نیٹ میٹرنگ کے نئے قواعد و ضوابط سے متعلق ایک ماہ کی مدت کے اندر تجاویز جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ اس نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ نیپرا کے اس اقدام کا مقصد نیٹ میٹرنگ کے عمل کو قانون کے مطابق جاری رکھنا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔