اسلام آباد: اسلام آباد کی انتظامیہ نے سی آئی اے کی بلڈنگ احتجاج کرنے والوں کیلئے سب جیل قرار دے دیاہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کی بلڈنگ کو آرٹیکل پریزنر ایکٹ 1894 کی سیکشن 3 کے تحت سب جیل قراردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت قانون اور پارلیمانی امور نے منظوری کے بعد اس فیصلے کا اطلاق کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا ہے، جس میں حالیہ احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والوں کو سی آئی اے بلڈنگ منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل افراد، جو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، اْن کو پکڑنے کے بعد سی آئی اے بلڈنگ منتقل کیا جائے گا، جو اب سب جیل میں تبدیل کردی گئی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کیلئے اقدامات پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔