این ای او سی نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں جیسے ملتان، خانیوال، بہاولنگر، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ اور گجرات میں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے دریائے چناب کے لیے ایک اہم سیلابی وارننگ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب کے مقامات مرالہ، خانکی اور قادرآباد پر پانی کی سطح بڑھ کر اونچے سیلابی درجے تک پہنچ سکتی ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق یہ خطرناک صورتحال 2 ستمبر کی رات 10 بجے سے 3 ستمبر کی رات 10 بجے تک برقرار رہ سکتی ہے۔ حکام نے دریائے چناب اور راوی کے ملحقہ نالوں میں بھی طغیانی کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رواں ہفتے شہر میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر کا موسم مرطوب اور مطلع ابر آلود ہے، جبکہ سمندری ہوائیں دوبارہ بحال ہو چکی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 78 فیصد ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ دن کے وقت درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔