وفاقی دارالحکومت میں جاری پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی کی انتظامیہ نے بدھ کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کے موجودہ حالات اور ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کی تجاویز کے پیش نظر راولپنڈی کی حدود میں قائم تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں 27 نومبر کو چھٹی ہوگی۔
ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں تیسرے روز بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کا فیصلہ کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بروز بدھ بند رہیں گے۔
تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، فیصلے کا اطلاق وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں پر ہو گا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی گئی ہے۔