پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہےکہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا حکومت کو اس کا جواب دینا پڑےگا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران سینئر رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے دوبارہ اسلام آباد میں احتجاج کے لئے ابھی کوئی تاریخ نہیں دی، اس حوالے سے چلنے والی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ استعفے دینے نہیں بلکہ بانی پارٹی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونے کا وقت ہے ۔ سیکر ٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بھی اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی مظاہرین کو بلوائی اور دہشت گرد کہنا درست نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ تھا کہ احتجاج نہیں کرنا، چلیں ہم سے غلطی ہوگئی، جو لوگ پکڑے گئے ہیں انہیں سزا ہی ہوگی، پھانسی تو نہیں چڑھائیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہاکہ پاڑا چنار میں امن کیلئے صوبائی حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے۔
ہم نے اس اہم معاملے پر جرگہ تشکیل د یدیاہے۔ علی محمد خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز احتجاج کے لیے اسلام آباد آئے ہم نے انہیں نہیں روکا۔
میزبان کے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بانی پارٹی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا پارٹی کے سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، وہ صرف اپنے شوہر کی رہائی کیلئے کردار ادا کررہی ہیں۔