سندھ حکومت نے سرکاری محکموں میں گریڈ ایک سے گریڈ 15 تک ملازمتوں کی بھرتی کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سرکاری محکموں میں 15گریڈ تک ملازمین کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے جس کی حتمی منظوری آئندہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کے روز صبح ساڑھے 9 بجے کابینہ اجلاس طلب کر لیا۔ سندھ کابینہ کے 23 نکاتی ایجنڈے کے مطابق آئی بی اے سکھر سے سرکاری ملازمتوں کے لیے ٹیسٹ لینے کی منظوری دی جائے گی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں محکمہ تعلیم سندھ کے مختلف منصوبوں اور انٹر میڈیٹ بورڈز کے قانون میں ترمیم پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران تعلیمی بورڈز کے لیے کنٹرولرز کی بھرتی اور مختلف خود مختیار اداروں میں سندھ حکومت کے نمائندوں کی تقرری کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔