چارسدہ: بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کا دورہ کیا اور اسلام آباد دھرنے میں جان بحق تاج الدین کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے تعزیت کی۔
اس دوران انہوں نے وزیر اور صوبائی اسمبلی کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ شہداء کے گھروں میں جانا ہے۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ “میں بھاگنے والی عورت نہیں ہوں، لیکن مجھے ڈی چوک میں اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا”، اور مزید کہا کہ “خان کیلئے نکلنے والوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑ سکتی تھی۔” انہوں نے بتایا کہ وہ شہادتوں کی وجہ سے بہت تکلیف میں تھیں
بشریٰ بی بی نے کہا کہ “پٹھانوں نے ہمیشہ غیرت مندی کا ثبوت دیا ہے” اور کہا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ لوگ جھوٹ کیوں بول رہے تھے۔ انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ ڈی چوک پر رات ساڑھے بارہ بجے وہ اپنی گاڑی میں اکیلی تھیں، اور جب وہ وہاں سے نہیں ہٹیں تو ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد دھرنے کے بعد بشریٰ بی بی پہلی بار ضلع چارسدہ میں پارٹی ورکر کے گھر نظر آئیں، جہاں ان کے ہمراہ پارٹی رہنماء رؤف حسن اور ایم این اے فیصل امین بھی موجود تھے۔