وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا شام میں پھنسے پاکستانیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ترک ہم منصب سے رابطہ

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا شام میں پھنسے پاکستانیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ترک ہم منصب سے رابطہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے شام کی صورتحال پر ٹیلیفونک گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے ہم منصب کو پاکستان کی جانب سے شام میں اپنے شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان کے شہریوں کی حفاظت کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کی شام کی صورتحال پر نظر، پاکستانی شہریوں کو احتیاط کی ہدایت:

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ شام کی یکجہتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا آیا ہے اور اس پر اس کی اصولی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ شام میں پاکستانی شہری محفوظ ہیں، تاہم انہیں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شام میں پاکستان کا سفارت خانہ شہریوں کی مدد اور مشورے کے لیے کھلا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت دمشق ایئرپورٹ بند ہے لیکن پاکستانی سفارت خانہ پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں، بشمول زائرین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ایئرپورٹ کھلنے کے بعد ان کی واپسی کے انتظامات کیے جائیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *