لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پنجاب کی تقدیر بدل رہی ہیں، جبکہ کچھ عناصر ملک میں فتنہ و فساد پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کیا جا سکے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران تاریخی معاہدے کیے ہیں، جن میں کینسر کے جدید ترین علاج کا معاہدہ اور پنجاب میں زراعت کے شعبے میں جدت لانے کے لیے معاہدہ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اللہ کی مدد سے صوبے کی تقدیر بدل رہی ہیں، جبکہ مخالفین احتجاج، جلسوں اور دھرنوں کی سیاست سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ ایک صوبے میں جس جماعت کی 11 سال سے حکومت ہے، وہاں صرف “مولا جٹ” کی سیریل چل رہی ہے اور جو سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں پہلے بھی منہ کی کھانی پڑی تھی
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، کوئی نہ کوئی فتنے ڈالنے نکل پڑتا ہے، لیکن اب پاکستان کسی فتنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی مدد سے ہر فتنے کو کچل دیا جائے گا، اور جو لوگ انقلاب لانے کی بات کرتے تھے، وہ اب آپس میں گتھم گتھا ہو چکے ہیں۔