پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، دھند کی شدت کے باعث مختلف مقامات پر موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے ایم ون برہان انٹرچینج سے پشاور تک بند کی گئی، موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے خانقاہ ڈوگراں تک بند کی گئی، موٹروےایم 3 فیض پور سے رجانہ تک ٹریفک کیلئے بند جبکہ موٹروے ایم 11 محمود بوٹی سے سمبڑیال تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، موٹر وے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے اکثر علاقوں میں آج موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے ، پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے چند میدانی علاقوں میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔