قومی فاسٹ بولر حارث رؤف آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ قراردیئے گئے۔
آئی سی سی مینز پلئیر آف دی منتھ کیلئے حارث رؤف کے علاوہ بھارت کے جسپریت بمرا اور جنوبی افریقا کے مارک ویانس کو بھی نامزد کیا تھا۔تاہم حارث رئوف پلئیر آف دی منتھ قرار پائے۔
واضح رہے کہ حارث رؤف نے آسٹریلیا میں تاریخی ون ڈے سیریز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور نومبر میں 18 وکٹیں حاصل کرکے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر کے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے یہ کارنامہ ڈربن میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجام دیا۔ وہ مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 100 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ شاہین آفریدی نے اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ایک اور منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے، اور ٹی ٹوئنٹی) میں 100، 100 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 112 وکٹیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں 116 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
واضح رہے کہ شاہین سے قبل حارث رؤف اور شاداب خان بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 100 وکٹیں مکمل کر چکے ہیں۔ شاہین کی اس کامیابی پر کرکٹ حلقوں کی جانب سے انہیں خوب سراہا جا رہا ہے، جو ان کی مستقل مزاجی اور غیر معمولی بولنگ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔