ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ایکواڈور کے خلاف میکسیکو کی 2،0 سے فتح کے بعد شائقین کے غیرمعمولی جوش و خروش نے زلزلہ پیما آلات پر بھی ارتعاشات ریکارڈ کروا دیں۔
میکسیکو کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم فار ارلی وارننگ اینڈ کمپری ہینسو رسک مینجمنٹ کے مطابق میچ کے دوران جولین کوئینونیس اور بعد ازاں راؤل خیمنیز کے گول کرنے پر ہزاروں شائقین بیک وقت خوشی سے اچھلے، نعرے لگائے اور جشن منایا، جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ارتعاشات کو متعدد سیسموگرافز نے ریکارڈ کیا۔
ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ دونوں گولز کے فوراً بعد ریکارڈ ہونے والی وائبریشنز واضح تھیں، جو شائقین کے اجتماعی جوش و خروش اور شدید ردعمل کا نتیجہ تھیں۔
دوسری جانب میکسیکو سٹی میں قومی ٹیم کی فتح کا جشن ایک افسوسناک واقعے میں بھی تبدیل ہوگیا۔ سڑکوں پر نکلنے والے ہزاروں افراد کے ہجوم میں بھگدڑ اور شدید دباؤ کے باعث تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ واضح رہے کہ میکسیکو نے ایکواڈور کو 2،0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل (آخری 16) مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔