وسیم اکرم کی وفات کی جعلی خبریں وائرل ، شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ذریعے حقیقت بتا دی

وسیم اکرم کی وفات کی جعلی خبریں وائرل ، شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ذریعے حقیقت بتا دی

پاکستانی کرکٹ لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم کی مبینہ وفات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں اور مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ گمراہ کن ویڈیوز کی حقیقت سامنے آ گئی۔

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ان تمام دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ خبریں مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹی ہیں ، افواہیں جعلی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے پھیلائی گئیں، جس کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ان افواہوں کا جواب دیتے ہوئے شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی، جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو میں سابق کپتان مختلف ورزشیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جن میں کیبل پل ڈاؤنز، پل اپس اور باربیل فلور پریس شامل ہیں، آخر میں وہ کیمرے کی طرف دیکھ کر مسکراتے بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ماضی کے مقابلے اب زیادہ سیریز جیت رہے، کرکٹرز کی پرفارمنس بہتر بنانے کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا طریقہ کار تبدیل کیا جا رہا ہے، مائیک ہیسن

شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ ریکارڈنگ میں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں اور AI ویڈیوز کے جواب میں شیئر کی ہے۔ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، وہ جم میں ہیں اور بالکل خیریت سے ہیں۔

شنیرا اکرم کی اس ویڈیو کے بعد مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور واضح ہو گیا کہ وسیم اکرم خیریت سے ہیں۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم کا شمار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا کے عظیم ترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے ، انہیں سلطان آف سوئنگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔

مشہور لیفٹ آرم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے 104 ٹیسٹ میچوں میں 414 وکٹیں اور 356 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 502 وکٹیں حاصل کیں،  ماضی میں بی بی سی نے وسیم اکرم کو ’دنیا کی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بہترین لیفٹ آرم بولرز میں سے ایک‘ قرار دیا تھا۔

وسیم اکرم نے پاکستان کو 1992ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخی کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کوچنگ اور کرکٹ کمنٹری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

editor

Related Articles