بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ان سے منسوب متنازع فلم کالا ہرن کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ اس بار سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی بھی بحث میں شامل ہو گئی ہیں اور انہوں نے فلم کے پروڈیوسر امیت جانی کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سومی علی نے امیت جانی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو کسی بھی موضوع پر فلم بنانے کا حق حاصل ہے۔
سومی علی نے اپنے تبصرے میں لکھا، ’’آپ کو کسی بھی موضوع پر فلم بنانے کا پورا حق ہے، صرف قصوروار لوگ ہی چھپتے ہیں اور دوسروں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔‘‘دوسری جانب کالا ہرن کے پروڈیوسر امیت جانی کا دعویٰ ہے کہ سلمان خان کے نمائندوں کی جانب سے قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
امیت جانی کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران انہیں سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع سے بڑی تعداد میں دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک پیغام انہیں طور پر ’’ڈی کمپنی‘‘کے نام سے بھی موصول ہوا، تاہم وہ اس کی حقیقت سے آگاہ نہیں۔
یاد رہے کہ سلمان خان کے نمائندوں نے کالا ہرن کے فلم سازوں کو قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔ فلم کو 1998 کے مشہور بلیک بک (کالا ہرن) شکار کیس سے متاثر قرار دیا جا رہا ہے۔نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم سلمان خان کے شخصی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے اور ایک ایسے مقدمے پر مبنی ہے جو اب بھی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔
سلمان خان کے وکیل کے مطابق بلیک بک شکار کیس تاحال راجستھان ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے اس موضوع پر فلم بنانا نہ صرف ہتک آمیز ہو سکتا ہے بلکہ قانونی پیچیدگیاں بھی پیدا کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کالا ہرن کی ہدایت کاری بھارت شری ناتے نے کی ہے جبکہ امیت جانی اس کے پروڈیوسر ہیں۔ یہ وہی ٹیم ہے جس نے اس سے قبل اودے پور فائلز بنائی تھی، جو کنہیا لال قتل کیس پر مبنی فلم تھی۔