وفاق المدارس کا ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

وفاق المدارس کا ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

مدارس بل کے حوالے سے وفاق المدارس نے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاق المدارس کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مفتی محمد تقی عثمانی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

مجلس عاملہ نے اتحاد تنظیمات مدارس کے فیصلوں اور موقف کی توثیق کر دی ہے، اس حوالے سے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مہم کے تحت جمعہ کے اجتماعات، ختم بخاری اور مدارس کے سالانہ پروگراموں میں عوام کو اتحاد تنظیمات مدارس کے مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔

مجلس عاملہ وفاق المدارس نے متفقہ طور پر کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا، فوری طور پر گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ مدارس کے معاملات میں رکاوٹیں اور تاخیری حربے قابل قبول نہیں ہیں۔ نیز مدارس کے جملہ مسائل کو فی الفور حل کیا جائے۔

شیر افضل مروت کا عمران خان کی رہائی سے متعلق پیشکش کا انکشاف

وفاق المدارس کے ذمے داروں نے مولانا فضل الرحمان کو پارلیمنٹ میں مدارس کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کے موقف کی تائید کی۔ کہا گیا کہ دینی مدارس کی حریت و آزادی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا،کسی قسم کی مداخلت اور ڈکٹیشن منظور نہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ مدارس کے تمام حقیقی بورڈز اور تنظیمیں سب ایک پیج پر ہیں، مدارس کے اصولی موقف کو تسلیم نہ کرنے کی صورت میں تمام مکاتب فکر کی باہمی مشاورت سے مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا انوار الحق، مولانا محمد حنیف جالندھری، مفتی سید مختار الدین شاہ، مولانا سعید یوسف اور مولانا عبیداللہ خالد شریک ہوئے۔

مفتی عبدالستار، مولانا امداد اللہ، مولانا حسین احمد، مولانا زبیر صدیقی، مولانا صلاح الدین، قاضی نثار، ناظم دفتر مولانا عبدالمجید اور دیگر بھی شریک ہوئے۔وفاق المدارس کی مجلس عاملہ نے تعلیمی اور امتحانی امور کے حوالے سے بھی متعدد فیصلے کئے۔ اجلاس میں گزشتہ برسوں کی بہ نسبت سالانہ امتحان میں طلبہ و طالبات کے ریکارڈ اضافے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

editor

Related Articles