امریکی افواج نے بحرِ ہند میں کارروائی کرتے ہوئے ایران کے ایک اور بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
امریکا کے محکمہ دفاع کے مطابق ایران کا ایک بحری جہاز ایم ٹی میجسٹک ایران سے تیل لے کر جا رہا تھاجسےامریکی افواج نے بحرِ ہند میں ایک کارروائی کے دوران قبضے میں لے لیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عالمی سمندری قوانین کے نفاذ کے تحت کیا گیا اور اس کا مقصد ایسے غیر قانونی نیٹ ورکس کو روکنا ہے جو ایران کی معاونت کر رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا بین الاقوامی پانیوں میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
اس سے قبل بھی امریکی فوج نے پیر کے روز ایرانی پرچم بردار بحری جہاز “ایم وی توسکا” کو نشانہ بنا کر قبضے میں لے لیا تھا۔ اس کارروائی کی ویڈیو بھی امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے جاری کی جا چکی ہے جس میں جہاز پر چڑھائی اور کنٹرول سنبھالنے کے مناظر دکھائے گئے۔
دوسری جانب ایران نے بھی ردعمل میں آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں پر قبضہ کرنے کی ویڈیو جاری کی ہے جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان سمندری محاذ پر بڑھتی ہوئی یہ کارروائیاں خلیج اور بحرِ ہند میں تجارتی راستوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں اور اگر صورتحال قابو میں نہ آئی تو عالمی سطح پر تیل کی ترسیل بھی متاثر ہو سکتی ہے۔