پراپرٹی مالکان کو بڑا ریلیف مل گیا ہے جہاں اسٹامپ ڈیوٹی 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے غیر منقولہ جائیدادوں کے مالکان کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت صوبے بھر میں اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح 3 فیصد سے کم کر کے محض 1 فیصد کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریونیو کا اجلاس چیئرمین محمد احمد خان لغاری کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں اسٹامپ آرڈیننس کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اب شہری اور دیہی علاقوں میں اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح یکساں یعنی 1 فیصد ہوگی، اس سے قبل شہری علاقوں میں 1 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3 فیصد ڈیوٹی رائج تھی ، جس کے باعث مختلف مسائل اور تفاوت پیدا ہو رہا تھا، اب اس فیصلے کے بعد ان مسائل کے خاتمے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
منظور شدہ آرڈیننس کے تحت موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی، جن میں “قابلِ منتقلی معاہدہ” کو بھی شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ان ترامیم کا مقصد جائیداد کی منتقلی کے نظام کو مزید واضح اور مؤثر بنانا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب پہلے ہی 10 اپریل کو اس ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے چکے ہیں، اس نئے قانون کا بنیادی مقصد صوبے بھر میں اسٹامپ ڈیوٹی کے نظام کو زیادہ شفاف، آسان اور یکساں بنانا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور لین دین کے عمل میں بہتری آئے۔
قائمہ کمیٹی کی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد اس آرڈیننس کو حتمی منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس پر مزید غور و خوض کے بعد اسے قانون کا حصہ بنایا جائے گا۔