مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما رانا احسان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
کراچی میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور وقار مہدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا حسان نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کا کیا۔اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر رانا احسان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے رانا احسان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی مضبوط ہو رہی ہے، جس سے آئندہ انتخابات جیتنا نسبتاً آسان ہوگا۔
اس موقع پر رانا احسان نے کہا کہ وہ اپنے حلقے میں شمولیتی پروگرام منعقد کریں گے اور بڑی تعداد میں لوگوں کو پیپلز پارٹی کا حصہ بنائیں گے۔ انہوں نے اپنی سیاسی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے مختلف مرکزی اور صوبائی عہدوں پر فائز رہے ہیں اور 2018 کے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی نے دہشتگردی کے دور میں اپنی جان قربان کی تھی، لیکن اب انہوں نے اپنے نظریات میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی شہر کی مقبول جماعت بن چکی ہے اور اپنے کارکنان کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑی رہتی ہے۔