ترکیہ، قطر اور متحدہ عرب امارات نے عیدالفطر 20 مارچ 2026 بروز جمعہ منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ترکیہ کی حکومت نے سائنسی تقویم اور فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر ملک بھر میں عیدالفطر 20 مارچ 2026 بروز جمعہ منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ترکیہ کے مذہبی امور کے ادارے “دیانت” (Diyanet) کے مطابق رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پر محیط ہوگا، جس کے بعد یکم شوال المکرم اور عیدالفطر کا پہلا دن 20 مارچ کو ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ترکیہ ان ممالک میں شامل ہے جو چاند کی رویت کے لیے جدید فلکیاتی حساب کتاب (سائنسی کیلکولیشنز) پر انحصار کرتے ہیں، اسی وجہ سے وہاں عید کی تاریخ کا اعلان پیشگی کر دیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر میں 3.5 دن کی سرکاری تعطیلات کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جو 19 مارچ (جمعرات) کی دوپہر سے شروع ہو کر 22 مارچ (اتوار) تک جاری رہیں گی۔
دوسری جانب قطر اور متحدہ عرب امارات میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کے باعث عیدالفطر جمعہ کے روز منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کے بعد شوال کے چاند کی رویت ممکن نہ ہو سکی، جس کے نتیجے میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں عیدالفطر جمعہ کو منائی جائے گی۔
سرکاری اعلامیے کے تحت قطر میں عیدالفطر کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور نمازِ عید کے اجتماعات کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔