وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس دینے اور ہونہار سکالر شپ سالانہ کی رقم 30ہزار سے بڑھا کر 50ہزار روپے کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ یونیورسٹی میں ہونہار سکالرشپ پروگرام کی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ سے ملک کیخلاف کچھ نہ کرنے، چھوڑکر نہ جانے اور خدمت کرنے کا عہد لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچے ملک سے باہر اور دوسروں کے بچوں کو جیل میں ڈلوانا ، یہ کہا ں کی لیڈرشپ ہے؟۔کوئی ماں اپنے بچوں کو جلائو گھیرائو، توڑ پھوڑ اور مارپیٹ کا درس نہیں دے سکتی۔ بچوں کو گالم گلوچ ، الزام تراشی سکھانے والے ان کے ہمدرد نہیں ہوسکتے، کسی کو گالی دینا اخلاقیات نہیں ۔ نوجوان نسل ملک کیخلاف کوئی کام نہ کرنے کا عہد کرے۔ ان مخالفین کا شکریہ جنہوں نے درشتگی کرکے اتنا مضبوط بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے مخالفین کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے آج مجھے سٹرانگ بنا دیا ۔ مخالفین کو تکلیف ہے کہ بچوں کو سکالرشپس کیوں مل رہے ہیں۔ صرف راولپنڈی ڈویژن سے 2500طلبہ کو ہونہار سکالرشپ ملا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے اندر خود داری ہوتی ہے اور وہ اپنے والدین پر بوجھ نہیں بننا چاہتے۔ اپنے بچوں اور بیٹوں سے کہوں گی کہ ماں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کرنا آپکی ذمہ داری ہے۔ جیل برداشت کی، عدالتوں میں دھکے کھائے ، سیاسی آگ کی بھٹی میں گزر کر سخت ہوچکی ہوں۔ سیاسی مخالفت کی بنا پر عورت ہونے کے باوجود کرداری کشی کی جاتی رہی۔ سات آٹھ سال بعد معیشت میں بہتری آرہی ہے۔ ہم نے ٹیک اوور کیا تو ڈیفالٹ کی آوازیں آرہی تھیں۔ اب اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔