نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے والے شہریوں کیلئے دستخط فراہم کرنا اختیاری قرار دے دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس نئے اقدام کا مقصد بالخصوص ناخواندہ افراد، بزرگ شہریوں اور ایسے لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو دستخط کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اگر کوئی درخواست گزار دستخط فراہم نہ کرے تو اس کے شناختی کارڈ پر دستخط کے مخصوص خانے میں این اے درج کیا جائے گا،حکام کے مطابق اس فیصلے سے شناختی دستاویزات کے اجرا کا عمل مزید آسان، تیز اور قابل رسائی بنایا جا سکے گا، جبکہ مختلف طبقات کو درپیش مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔
دوسری جانب جعلسازی اور شناختی معلومات کے غلط استعمال کے خدشات کے پیش نظر نادرا نے واضح کیا ہے کہ انگوٹھے کے نشان کی تصاویر شناختی عمل استعمال نہیں کی جائیں گی،شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے درخواست جمع کرواتے وقت انگوٹھے کے نشان کی تصاویر اپ لوڈ نہ کریں۔
ترجمان نادرا کے مطابق ایسے افراد کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے جو دستخط نہیں کر سکتے، تاکہ انہیں نئے طریقہ کار اور حفاظتی اقدامات سے مکمل طور پر آگاہ کیا جا سکے،نادرا کا یہ نیا نظام نہ صرف شہریوں کیلئے آسانی پیدا کرے گا بلکہ شناختی ریکارڈ کے تحفظ اور ممکنہ جعلسازی کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔