رات گئے تک اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے خبردار

رات گئے تک اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے خبردار

اگر آپ رات کو سونے سے پہلے اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو خبر دار رہیں کہ یہ عادت آپ کی نیند کے معیار کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔

ایک تازہ طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رات گئے موبائل فون کا استعمال نوجوانوں میں نیند کی خرابی اور دیر سے سونے کی عادت کو عام کر رہا ہے۔

امریکا کی ایک معروف یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ نوجوان بڑی تعداد میں رات کے اوقات میں اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں جس کے باعث ان کی نیند کا نظام متاثر ہو جاتا ہے، تحقیق میں مجموعی طور پر 657 نوجوانوں کو شامل کیا گیا اور ان کی موبائل سرگرمیوں کا جائزہ ایک خصوصی ایپ کے ذریعے لیا گیا۔

نتائج کے مطابق 52.1 فیصد نوجوان آدھی رات سے لے کر صبح چار بجے تک اپنے موبائل فون پر متحرک رہتے ہیں، جو کہ نیند کے لیے انتہائی اہم وقت سمجھا جاتا ہے، اس دوران زیادہ تر نوجوان سوشل میڈیا ایپس جیسے انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب استعمال کرتے پائے گئے۔

تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ نوجوان اوسطاً رات دس بجے سے صبح چھ بجے کے درمیان تقریباً پچاس منٹ یا اس سے زیادہ وقت اسمارٹ فون پر گزارتے ہیں،طبی ماہرین کے مطابق اس عادت کی بڑی وجوہات میں نوٹیفکیشنز کا بار بار آنا، نیند نہ آنا اور رات کے وقت جاگنے پر فون چیک کرنے کی عادت شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں 50 ہزار روپے سے کم قیمت کے بہترین اسمارٹ فونز کون سے ہیں؟

محققین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود مسلسل اور متحرک مواد دماغ کو آرام کرنے نہیں دیتا، جس کے باعث نیند آنے میں مشکل پیش آتی ہے اس کے علاوہ جذباتی طور پر مواد کے ساتھ جڑے رہنے سے دماغ مزید متحرک رہتا ہے اور سونے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ زیادہ تر نوجوان سوتے وقت اپنے ساتھ موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز رکھتے ہیں، جو نیند کے معیار کو مزید خراب کرتا ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ سونے سے کچھ وقت پہلے تمام اسمارٹ ڈیوائسز کا استعمال بند کر دینا چاہیے تاکہ دماغ کو آرام ملے اور نیند کا قدرتی نظام بہتر طور پر کام کر سکے۔

یہ تحقیق معروف طبی جریدے میں شائع ہوئی ہے اور اس کے نتائج نوجوانوں کی صحت اور نیند کے حوالے سے اہم انتباہ سمجھا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles