محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شدید گرمی کی لہر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ بارش کے بعد شہری بڑی تعداد میں گھروں سے نکل آئے اور خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم پشاور سمیت صوبے کے میدانی اور بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ اس کے علاوہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر شہروں میں چترال کا درجہ حرارت 14، دیر 18، مالم جبہ 21، سیدو شریف 24، بنوں 31، ڈیرہ اسماعیل خان 32 اور ایبٹ آباد 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث آئندہ دنوں میں کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں اور محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشگوئیوں اور ہدایات پر عمل کریں۔