سال 2024 پنجاب کی تعلیمی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر گیا، جہاں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی قیادت میں انقلابی اقدامات نے نظام تعلیم کو نئی سمت دی۔
وزیر تعلیم کے اقدامات کو نہ صرف تعلیمی معیار کی بہتری بلکہ میرٹ، شفافیت، اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے بھی نمایاں مقام حاصل ہوا۔ وزیر تعلیم نے دعویٰ کیا کہ ان کے 10 ماہ کے اقدامات سابقہ حکومت کے 4 سالوں سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئے۔ درسی کتب کی اشاعت میں بچت کرتے ہوئے 13 ارب روپے کے بجائے صرف 6 ارب میں کتابیں شائع کی گئیں۔
تعلیمی اداروں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے پہلی بار اساتذہ کے تبادلوں کے لیے ای-ٹرانسفر پالیسی متعارف کرائی گئی۔ انتظامی پوسٹوں پر تعیناتی کے لیے امتحانات اور انٹرویوز کو لازمی قرار دیا گیا جبکہ نادرا ویری فکیشن کے ذریعے ڈیٹا کی درستگی یقینی بنائی گئی۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے گوگل کے تعاون سے 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروانے کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ ہائیر ایجوکیشن کی رسائی کے لیے وظائف، لیپ ٹاپ سکیم، اور لڑکیوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بالائی علاقوں میں برفباری، محکمہ موسمیات نے شدید سردی کی پیشگوئی کردی