پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ریٹائرمنٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وہ حکومتی معاملات پر توجہ نہیں دے رہے اور موجودہ حکومت انتشار کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔
نبیل گبول نے ایک نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مسلم لیگ (ن) پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے تو کچھ وعدے پورے کیے گئے لیکن وفاداری کے معاملے میں ان کا ریکارڈ خراب ہے۔
انہوں نے کہا ن لیگ کے اپنے لوگ بھی نواز شریف کی بے وفائی پر سوال اٹھاتے ہیں لیکن قسمت ان کا ساتھ دیتی رہی ہے۔نواز شریف خود کو سیاسی معاملات سے کنارہ کش کر رہے ہیں اور مریم نواز کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب شہباز شریف کی حکومت میں ان کی غیر فعالیت اور ریٹائرمنٹ کی خبروں نے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں شروع کر دی ہیں۔نبیل گبول نے موجودہ حکومت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ شہباز شریف کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے بس میں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو سنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے اور پیپلز پارٹی کو قیادت دینے پر غور کرنا ہوگا۔یہ دعویٰ سیاسی منظرنامے کو مزید گرما دے گا اور آئندہ انتخابات میں نئی سمت متعین کر سکتا ہے۔