کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے ترک کنسورشیم “ٹی ای آر جی” نے اپنی بولی جمع کرا دی ہے۔ بولی کی تقریب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جہاں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹس صادق الرحمان نے کی جبکہ سیکرٹری ایوی ایشن احسن علی منگی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ آؤٹ سورسنگ کے لیے کم از کم پیشکش ریفرنس پرائس کا 56 فیصد مقرر کی گئی تھی تاہم ترک کمپنی نے 47.25 فیصد کی پیشکش دی۔
ڈپٹی ڈی جی صادق الرحمان کے مطابق، اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے بولیاں طلب کی گئی تھیں لیکن مقررہ وقت تک صرف ترک کنسورشیم نے اپنی بولی جمع کرائی۔ یہ پیشرفت پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر میں نجی شعبے کی شمولیت کے حوالے سے اہم سمجھی جا رہی ہے تاہم ترک کمپنی کی پیشکش ریفرنس پرائس سے کم ہونے کے باعث مزید فیصلے متوقع ہیں۔