خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ملک کی توانائی صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ناشپابلاک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں یہ دریافت او جی ڈی سی ایل کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، جس نے گزشتہ کئی ماہ سے براگزئی ایکس ون کے نام سے قائم کنویں پر ڈرلنگ کا عمل جاری رکھا ہوا تھا۔

کمپنی کے مطابق یہ دریافت ملک کی ہائیڈروکاربن تلاش میں ایک اور قابلِ ذکر اضافہ ہے جو مستقبل میں توانائی کی طلب پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان نے تصدیق کی کہ براگزئی ایکس ون کنویں سے ابتدائی ٹیسٹنگ کے دوران یومیہ تقریباً 2,280 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت

اس کے ساتھ ساتھ کنویں سے روزانہ 56 لاکھ مکعب فٹ قدرتی گیس بھی نکلنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو ملکی گیس سپلائی کو تقویت فراہم کرے گا۔
ترجمان کے مطابق یہ دریافت ناشپا بلاک میں کنگریالی فارمیشن سے ہونے والی پہلی بڑی ہائیڈروکاربن دریافت ہے اور اس کی ڈرلنگ تقریباً 5,170 میٹر کی قابلِ ذکر گہرائی تک مکمل کی گئی۔

او جی ڈی سی ایل نے وضاحت کی کہ ناشپابلاک میں کام کرنے والی شراکت دار کمپنیوں میں او جی ڈی سی ایل کا 65 فیصد حصہ ہے جب کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) 30 فیصد کے ساتھ شریک ہےاور جی ایچ پی ایل باقی 5 فیصد کی مالک ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ملکی معیشت کے لیے خوشخبری: اٹک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت

یہ مشترکہ سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون دریافت کے عمل کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں کمپنی کے مطابق اس نئے میدان کی دریافت نہ صرف او جی ڈی سی ایل کے ذخائر میں اضافے کا باعث بنے گی بلکہ ملک میں توانائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی  ۔

editor

Related Articles