محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی توقع ہے۔ اس سسٹم کے اثرات 5 جنوری تک لاہور میں بھی محسوس ہونے کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش کے باعث موسم سرد ہو جائے گا لہٰذا عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گرم لباس کا استعمال کریں۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق طویل خشک موسم کے بعد بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی جو06 جنوری،2025 تک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔
گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گا نچھے، شگر)، کشمیر (وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں،باغ،حویلی،سدھنوتی، کوٹلی،بھمبر،میر پور) میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سےبارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔
صوبہ پنجاب میں مری اورگلیات میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سےبارش کا امکان ہے۔جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔
صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار،ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔