چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے بیک ڈور مذاکرات کی خبروں کی تردید کر دی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشریٰ بی بی مذاکراتی سلسلے میں بالکل شامل نہیں ہیں، کسی نے غلط خبر دی ہے کہ بشریٰ بی بی کیساتھ بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو کمیٹی عمران خان نے بنائی ہے وہی مذاکرات کر رہی ہے، ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہیں اور نہ ہی بیک ڈور کوئی مذاکرات ہورہے ہیں۔
عمران خان سے ملاقات کے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بتایا تھا کہ عمران خان سے ضروری ملاقات کرنی ہے۔ امید ہے کل ہماری عمران خان سے ملاقات ہو جائیگی۔
دوسری جانب علیمہ خان نے عمران خان کے بیک ڈور رابطوں پر خاموشی توڑ دی۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عمران خان کے حوالے سے ایسا تاثر دیا جائے کہ وہ ڈیل یا این آر او لے کر باہر آئے ہیں۔ ان لوگوں نے بڑی کوشش کی کہ عمران خان تین سال کیلئے بیرون ملک چلے جائیں۔
علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے آفر کی کہ ہم عمران خان کو ہائوس اریسٹ کر لیتے ہیں۔ بس وہ خاموش رہیں اور ہماری حکومت کو چلنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیغامات ہمیں براہ راست نہیں بلکہ مختلف ذرائع سے آئے۔ میڈیا پر ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ عمران خان کے بیک ڈور رابطے اور چینلز سے بھی ہورہے ہیں۔ تاہم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کے علاوہ کوئی رابطہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کو 2 نکاتی ایجنڈا دیا ہے، ایک یہ کہ 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جبکہ دوسرا مطالبہ بے گناہ لوگوں کی رہائی کا ہے۔