متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل جنرل نے اعلان کیا ہے کہ آئی ٹی کورسز مکمل کرنے والے پاکستانی طلباء کو دبئی میں ملازمت دینے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کو آئی ٹی کا عالمی مرکز بنانے کے لیے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا وژن ایک حقیقت بنتا جا رہا ہے۔ کراچی گورنر ہاؤس میں جاری مفت آئی ٹی کورسز کے دس ماہ مکمل ہوگئے ہیں، اور ان کورسز نے نوجوانوں کے لیے نئی تعلیمی اور ترقی کی راہیں کھول دی ہیں۔
یہ جدید آئی ٹی کورسز نہ صرف طلباء کی مہارتوں میں اضافہ کر رہے ہیں، بلکہ انہیں عالمی سطح پر مواقع بھی فراہم کر رہے ہیں۔یو اے ای کے قونصل جنرل نے اس بات کا عندیہ دیا کہ کورسز مکمل کرنے والے طلباء کو دبئی میں ملازمت کے مواقع دیے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ بین الاقوامی تعاون سے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے اور یہ اقدام سندھ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔گورنر سندھ کے آئی ٹی انیشیٹیو کو نوجوانوں میں زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے، اور اس کے مکمل ہونے کے بعد، طلباء نے اپنی مہارتوں سے ہزاروں ڈالرز کمانا شروع کر دیے ہیں۔
سیاستدانوں، غیر ملکی سفیروں اور آئی ٹی ماہرین نے اس اقدام کو سندھ میں آئی ٹی کے شعبے کو ترقی دینے اور زر مبادلہ کے حصول کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔