سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پاکستان میں کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر کے برابر کرنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔
فہمید نواز ایڈووکیٹ نےملک میں کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر کے برابر کرنے کی درخواست دائر کی، جس میں وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان برطانیہ کی کالونی رہا ہے اور یہاں وہی قوانین لاگو ہیں جو برطانوی استعمار کے دوران نافذ تھے۔ درخواست میں کہا گیا کہ پاکستان میں امریکا اور برطانیہ کے قوانین کو تسلیم کیا جاتا ہے اور ان ممالک کے فیصلوں کو بھی یہاں کے قانونی معاملات میں اہمیت دی جاتی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ امریکا اور برطانیہ میں کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے، اسی طرح پاکستان میں بھی کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر مقرر کی جائے تاکہ عوام کو معیاری زندگی گزارنے کے قابل بنایا جا سکے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان میں بھی برطانوی اور امریکی لیبر قوانین کو نافذ کیا جائے تاکہ محنت کشوں کو ان کے حقوق اور مناسب اجرت مل سکے۔