گرمی سے پریشان شہریوں کے لیے بڑی خبر، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

گرمی سے پریشان شہریوں کے لیے بڑی خبر، محکمہ موسمیات  نے الرٹ جاری کر دیا

ملک بھر میں 10 سے 13 جولائی تک مون سون بارشوں کے نئے سسٹم کے پیش نظر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 10 سے 13 جولائی تک مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے، جبکہ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے شمالی علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت متعدد شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی 11 اور 12 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، دریاؤں اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں گرمی برقرار، کن علاقوں میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

این ڈی ایم اے کے مطابق 11 سے 13 جولائی تک شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، جبکہ 10 سے 14 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ ادارے نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور بارشوں کے باعث گلیشیئرز سے ملبے کے بہاؤ اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے بد سوات، اشکومان، ہنارچی، ترسات، ہنڈور، التر، اویر، چینٹر، گوپس، یاسین، روشن، ہاکیس، چتیبوئی، ٹھلو، ریشون، بریپ، بونی، سردارگول، پنڈوروچاٹ، خپلو اور ہسپر سمیت متعدد علاقوں کو حساس قرار دیا ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، مانسہرہ، ایبٹ آباد، قراقرم ہائی وے، جگلوٹ-سکردو روڈ، ہنزہ-گوجال روڈ، غذر، نلتر، بگروٹ اور ہرموش کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی شرح نمو کتنی رہے گی ؟ ایشائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ جاری

این ڈی ایم اے نے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری پہاڑی سفر سے گریز کرنے، موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Related Articles