بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسے کیش کرانے کتنی فیس دینا ہوگی؟

بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام  کے  پیسے کیش کرانے  کتنی فیس دینا ہوگی؟

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے لیے ڈیجیٹل والٹ سے کیش نکلوانے پر 280 روپے فیس مقرر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کو آگاہ کیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وہ مستحقین جو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائگیاں حاصل کریں گے، انہیں نقد رقم نکلوانے پر 280 روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے نئے نظام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 280 روپے کے چارجز صرف اس صورت میں لاگو ہوں گے جب مستحقین اپنے ڈیجیٹل والٹ سے نقد رقم (کیش) نکلوائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل والٹس کے درمیان آن لائن فنڈز کی منتقلی اور حکومت کے “راست” پیمنٹ سسٹم کے ذریعے کی جانے والی تمام ٹرانزیکشنز مکمل طور پر مفت ہوں گی اور ان پر کسی قسم کے چارجز لاگو نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:آؤ ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں، ٹرمپ کی دھمکی پر ایران کا دوٹوک جواب

اسٹیٹ بینک ہر چھ ماہ بعد ان چارجز کا ایک اپ ڈیٹڈ شیڈول جاری کرے گا، جبکہ ڈیجیٹل والٹ سسٹم کے تحت باہمی لین دین کے اخراجات خود مستحقین برداشت کریں گے۔

ڈپٹی گورنر نے کمیٹی کو بینکوں کی شمولیت کے حوالے سے ٹائم لائن سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس نظام کے تحت دو نجی مائیکرو فنانس بینک رواں ماہ 16 جولائی اور 20 جولائی سے اپنے آپریشنز کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پروگرام میں شامل تمام چھ بینک 31 جولائی تک اس سسٹم کے ساتھ اپنی انٹیگریشن کا عمل مکمل کر لیں گے، جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے اکاؤنٹس کی مکمل ڈیجیٹل منتقلی کا ہدف 31 دسمبر مقرر کیا گیا ہے۔

Related Articles